سرکاری دفاتر کی چھتوں پر بارشی پانی کو جمع کرنے کیلئے نظام نصب کئے جائینگے

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و ورکس میاں ریاض حسین پیر زادہ نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے شدید متاثر ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں ملک کو بار بار قدرتی آفات، غیر معمولی بارشوں اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔وہ معرو ف ماہر ماحولیات اور سماجی کارکن ، چیئرپرسن صبح نو شاہدہ کوثر فاروق سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جس میں ماحولیاتی تحفظ اور پانی کے موثر استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پروفاقی وزیر ہائوسنگ نے کہا کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلی کے باعث دوہری مشکلات کا شکار ہے، ایک طرف شدید بارشیں اورسیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے جبکہ دوسر ی طرف خشک سالی اور پانی کی کمی زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔انہوں نے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے منصوبوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزارت ہائوسنگ کے تحت بڑی عمارتوں، بشمول وفاقی سیکرٹریٹ اور دیگر سرکاری دفاتر کی چھتوں پر بارش کے پانی کو جمع کرنے کے نظام نصب کیے جائیں گے تاکہ زیر زمین پانی کے ذخائر کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پانی کے دانشمندانہ استعمال کے ساتھ ساتھ قدرتی وسائل کے تحفظ اور گرائونڈ واٹر لیول کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ملاقات کے دوران شاہدہ کوثر فاروق نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے جہاں درجہ حرارت میں اضافہ،گلیشیئرز کا پگھلنا، غیر متوقع بارشیں اور طویل خشک سالی جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں