لاہور( بیورو چیف)پنجاب بار کونسل نے کہا ہے کہ انصاف کی بروقت فراہمی، عدالتی نظام میں بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کے عمل کو مزید جامع اور موثر بنانے کی ضرورت ہے،نئے قوانین کی تیاری اور موجودہ قوانین میں اصلاحات کے دوران قانونی ماہرین کی آرا ء سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے ۔پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین خواجہ قیصر بٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ظفر حیات اعوان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں سے منظور کئے گئے قوانین پر بعد ازاں قانونی ابہام، تشریحی پیچیدگیوں اور عملی مشکلات کے حوالے سے تحفظات سامنے آتے ہیں،اگر قانون سازی کے ابتدائی مراحل میں بار کونسلز اور صوبائی بار ایسوسی ایشنز کو باضابطہ مشاورتی عمل کا حصہ بنایا جائے تو قوانین نہ صرف زیادہ موثر اور قابل عمل ہوں گے بلکہ ان پر عملدرآمد میں درپیش رکاوٹوں کو بھی کم کیا جا سکے گا۔




