فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کی اور ان کی شکایات و مسائل تفصیل سے سنے۔ انہوں نے شہریوں کے مسائل فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر مختلف نوعیت کی درخواستیں وصول کی گئیں جن کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت اور شفاف حل ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ناجائز تجاوزات، قبضہ مافیا، غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی ہاسنگ کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیا اور کہا اس ضمن میں عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہونا چاہیئے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانا اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی درخواستوں اور شکایات پر مقررہ وقت کے اندر کارروائی مکمل کی جائے اور کسی بھی درخواست گزار کو غیر ضروری تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے میں سروسز کی فراہمی کو مزید موثر، شفاف اور شہری دوست بنانے کے لیے متعدد اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں۔ ان اصلاحات کا مقصد ادارہ جاتی کارکردگی میں اضافہ، جوابدہی کو فروغ دینا، جدید انتظامی نظام کو رائج کرنا اور عوامی خدمات کی فراہمی کو تیز رفتار اور آسان بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹلائزیشن، موثر مانیٹرنگ اور جدید انتظامی طریقہ کار کے ذریعے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ محمد آصف چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی اے کو ایک جدید، شفاف، جوابدہ اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں




