ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست ویژن اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جاری اقدامات کے تحت گندم کے پیداواری مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنیوالے کاشتکاروں میں انعامی چیکس تقسیم کر دیے گئے۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے کامیاب کاشتکاروں میں انعامی چیکس تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گلزار شاہد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ گندم کے پیداوار ی مقابلوں میں محمد علی نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور انہیں 10لاکھ روپے کا انعامی چیک دیا گیا، جبکہ محمد عظیم کو دوسری پوزیشن پر 8لاکھ روپے اور محمد عثمان خالد کو تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر 5 لاکھ روپے کا انعامی چیک دیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب زرعی شعبے کی ترقی، جدید کاشتکاری کے فروغ اور کسانو ں کی معاشی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کے پیداواری مقابلو ں کا مقصد کاشتکاروں میں مثبت مسابقت کو فروغ دینا اور جدید زرعی طریقہ کار کو اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی ، معیاری بیج، متوازن کھادوں کے استعمال اور بہتر زرعی انتظام کے ذریعے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ کسانوں کی آمدن میں بھی نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔




