طب کا شعبہ ایک پیشہ نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا عظیم فریضہ ہے

سرگودھا(بیورو چیف)سرگودھا میڈیکل کالج کے دوسرے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مجموعی طور پر دو سو پچاس طلبہ و طالبات کو ڈگریا ں تفویض کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے 68 گریجویٹس کو میڈلز سے بھی نوازا گیا۔تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برا ئے صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ معزز مہمانان میں کمشنر سرگودھا ڈویژن جناب حافظ شوکت علی اور وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ایاز نے پروگرام کو رونق بخشی۔ چیف آرگنائزر کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد ارشد نے ادا کیے۔ اس موقع پر پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد وارث فاروقہ، سیاسی و سماجی شخصیات، فیکلٹی اراکین، گریجویٹ طلبہ اور ان کے والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے فارغ التحصیل طلبہ میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نئے گریجویٹس کو تعلیمی سفر کی کامیاب تکمیل پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ڈاکٹرز ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طب کا شعبہ محض ایک پیشہ نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا عظیم فریضہ ہے، اس لیے نوجوان معالجین اپنی صلاحیتوں، علم اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو انسانی جانیں بچانے، دکھی انسانیت کی خدمت اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسے باصلاحیت، باکردار اور ہمدرد ڈاکٹرز کی ضرورت ہے جو جدید طبی علوم سے استفادہ کرتے ہوئے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کریں اور قومی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں