فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ عالمی تجارت کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے پیشِ نظر پاکستانی صنعتوں کو ماحول دوست اور پائیدار کاروباری طریقہ کار اپنانا ہوگا تاکہ بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی مسابقت برقرار رکھی جا سکے۔وہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان TDAP کے تعاون سے کاربن بارڈر ایڈجسٹمنٹ میکانزم (CBAM) کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر ملک کا تیسر ابڑا چیمبر اور فیصل آباد ریونیو جنریشن کے حوالے سے دوسر ابڑا شہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد پاکستان کا ایک اہم صنعتی و تجارتی مرکز ہے جہاں ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ فارماسوٹیکل، ڈیری، آٹو پارٹس، آٹو موبائل اور دیگر متعدد صنعتیں قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر نہ صرف کاروباری برادری اور حکومتی اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے بلکہ شہر کی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی اپنا مؤثر کردار نبھا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ کاربن بارڈر ایڈجسٹمنٹ میکانزم کے نفاذ کے تناظر میں پاکستانی برآمدی صنعتوں کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ماضی میں صنعتوں کو ٹریس ایبلٹی، گرین مینوفیکچرنگ اور ری سائیکلنگ جیسے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا پڑا اور اب ماحول دوست پیداواری نظام عالمی تجارت کی ناگزیر ضرورت بنتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل صنعت پہلے ہی ری سائیکلنگ اور پائیدار پیداوار کے مختلف اقدامات پر کام کر رہی ہے




