لاہور (بیورو چیف) پاکستان ریلوے کی تاریخ کی کامیاب ترین آئوٹ سورسنگ ہوگئی ۔پانچ ٹرینوں کی کمرشل مینجمنٹ پونے گیارہ ارب روپے میں نجی شراکت داروں کے سپرد کردی گئی ۔ اس سے قبل انہی ٹرینوں سے 8ارب روپے کمائے جا رہے تھے۔ عوام، ملت اور قراقرم ایکسپریس پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائی جائیں گی۔میانوالی اور نارووال پسنجر بھی نجی شراکت داری سے بہتر سہولیات کے ساتھ چلائی جائیں گی۔ کامیاب آئوٹ سورسنگ پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے سی سی ایم اور کمرشل ٹیم کو شاباش دی ۔اس سے قبل فریٹ ٹرینوں کی آئوٹ سورسنگ بھی بہترین ریٹس پر کی گئی تھی۔فریٹ ٹرینوں کی آئوٹ سورسنگ سے آئندہ مالی سال دس ارب سے زائد آمدن متوقع ہے ۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلویز اسی سال پہلی بار ایک کھرب سے زائد ریونیو کمائے گا۔محنت کر رہے ہیں، ریلوے سے مزید اچھی خبریں آئیں گی۔




