نارووال(نامہ نگار) کچہری میں دو گروہوں کے درمیان زمین کے تنازعے پر جھگڑے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ نیو کچہری نارووال میں پراپرٹی کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں 03افراد زخمی ہو گئے ۔زخمیوں میں 27سالہ علی فراز، 28سالہ علی حمزہ اور 60سالہ جاوید شامل ہیں جن کا تعلق گاں بولا باجوہ سے ہے۔واقعے کے بعد کچہری میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سائلین، وکلاء اور دیگر شہری اپنی جانیں بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی جانب دوڑ پڑے۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ جن میں ایک شخص گولی لگنے اور سر پر زخم آنے سے متاثر ہوا جبکہ دیگر دو افراد کے سر پر چوٹیں آئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال نارووال منتقل کر دیا۔وکلاء برادری اور شہری حلقوں نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کچہری اور دیگر سرکاری اداروں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔




