ساہیوال میں قانونی تقاضے پورے کئے بغیر سائن بورڈز کی تنصیب جاری

ساہیوال ( بیوروچیف) ساہیوال شہر اور گردونواح میں مختلف ایڈورٹائزمنٹ کمپنیوں کی جانب سے چوک چوراہوں، مرکزی شاہراہوں اور عوامی مقامات پر نصب کیے گئے متعدد سائن بورڈز متعلقہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور حفاظتی معائنہ کے لگائے گئے ہیں مقامی شہریوں کے مطابق ان میں سے بیشتر بورڈز کمزور لوہے اور ناقص میٹریل سے تیار کیے گئے ہیں جو تیز آندھی یا خراب موسم کی صورت میں زمین بوس ہو سکتے ہیں شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی متعدد سائن بورڈز تیز ہواؤں کے باعث گر چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود انکروچمنٹ برانچ ڈسٹرکٹ کونسل ساہیوال کی جانب سے کوئی مؤثر حکمت عملی اختیار نہیں کی گئی۔ عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بغیر قانونی تقاضے پورے کیے اور خزانہ سرکار میں واجب الادا ٹیکس جمع کروائے بغیر سائن بورڈز کی تنصیب جاری ہے، جو متعلقہ حکام کی مبینہ ملی بھگت، نااہلی یا غفلت کا واضح ثبوت ہے۔اہل علاقہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو کسی بھی وقت کوئی بڑا جانی و مالی نقصان ہو سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں