فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت فلاحی تنظیم اخوت کی طرف سے ”اپنی چھت،اپنا گھر” پروگرام کے اہل خاندانوں اور دیگر مستحق100 گھرانوں میں ایک کروڑ روپے مالیت کے بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے اہل و مستحق خاندانوں میں چیکس تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ ”اپنی چھت، اپنا گھر” وزیراعلیٰ پنجاب کا انقلاب آفریں پروگرام ہے جس کی بدولت بے گھرخاندانوں کو چھت کی فراہمی کا خواب پورا ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب ومستحق افراد کو بلا سود قرض حسنہ فراہم کرنا سماجی تنظیم اخوت کا احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ فلاحی اور مہذب معاشرے کا تقاضا ہے کہ معاشی طور پر کمزور اور مستحق افراد کا ہاتھ تھاما جائے۔ انہوں نے قرض لینے والوں سے کہا کہ وہ ایمانداری سے قرض حسنہ واپس کریں تاکہ دیگر بھی اس مائیکرو فنانس سکیم سے فائدہ اٹھا کر اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔ کمشنر نے خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر خدمات انجام دینے والی اخوت کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اورکہا کہ ڈویژنل وضلعی انتظامیہ ایسے اداروں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ،زونل منیجر خالد محمود،محمد اسلم جاوید،وحید خالق رامے ودیگر موجود تھے۔




