زرعی یونیورسٹی میں غیر ملکی طلبہ کی گریجویشن تقریب منعقد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بہار سمسٹر 2025-26ء کے دوران اپنی تعلیم مکمل کرنے والے بین الاقوامی طلبہ کے اعزاز میں سنڈیکیٹ روم میں غیر ملکی طلبہ کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔ رواں سال 12 غیر ملکی طلبہ نے اپنی ڈگریاں مکمل کیں جن میں 10 انڈرگریجویٹ اور 2 پوسٹ گریجویٹ طلبہ شامل تھے۔ یہ طلبہ افغانستان، صومالیہ، سری لنکا اور برطانیہ سے تعلق رکھتے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ بین الاقوامی تعلیمی تعاون ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے اور علم پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ زرعی یونیورسٹی تنوع کو فروغ دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ مختلف ممالک کے تجربات اور مہارتوں سے باہمی استفادہ کیا جا سکے۔ مشیر امور طلبہ پروفیسر ڈاکٹر محمد احسن خاں نے فارغ التحصیل طلبہ کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ اپنے اپنے ممالک میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سفیر کے طور پر کردار ادا کریں۔ اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر آصف کامران، پرنسپل آفیسر امور طلبہ پروفیسر ڈاکٹر ریاض ورک اور چیف ہال وارڈن ڈاکٹر حمیرا رزاق نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں