سرگودھا(بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی نے شہر میں جاری سٹی بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا دورہ کیا اور سٹی روڈ پر جاری ترقیاتی و خوبصورتی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔کمشنر نے سڑکوں کی بحالی، تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی، فٹ پاتھوں کی بہتری، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔حافظ شوکت علی نے کہا کہ سٹی بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا مقصد سرگودھا کو ایک خوبصورت، صاف ستھرا اور جدید شہر بنانا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی مقامات کی خوبصورتی، صفائی اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی فلاح و بہبود اور شہر کی خوبصورتی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔




