جلوسوں کے راستوں پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں،عظمیٰ بخاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت فیصل آباد ڈویژن میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلال اکبر، کمشنر فیصل آبادمسرت جبیں، آر پی او، سی ٹی او فیصل آباد ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر فیصل آباد، آر پی او، سی ٹی او، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے ہدایت کی کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ عاشورہ محرم کے موقع پر مساجد کے باہر نمازیوں کے لیے بھی سبیلوں کا انتظام کیا جائے تاکہ شدید گرمی کے موسم میں شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہے اور باہمی تعاون سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔وزیر اطلاعات نے حضرت سلطان باہو کے عرس اور ضلع چنیوٹ میں منعقد ہونے والی شہادت کانفرنس کے لیے بھی جامع سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر مسلسل ٹھنڈے پانی کا چھڑکا کیا جائے گا تاکہ موسم کی شدت کو کم کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے فیصل آباد میں سموگ گنز بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک پلان، سیکیورٹی انتظامات اور دیگر ضروری معلومات سے آگاہ رکھا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں تمام مسالک کے علما کرام کے ساتھ انتظامیہ کے افسران مسلسل رابطے میں ہیں اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری ہیں۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے گی اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر نے کہا کہ تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی مناسب نفری تعینات کی جائے جبکہ ٹریفک پولیس جلوسوں کے روٹس پر متبادل راستوں کے بارے میں عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں