چنیوٹ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں طبی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر احمد خان،ایم ایس ڈاکٹر شوکت احمد، ہسپتال انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی سمیت مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، زیر علاج مریضو ں کی عیادت کی اور ان سے علاج معالجے ،ادویا ت کی فراہمی اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کی شکایات اور تجاویز بھی سنیں اور موقع پر ہی بعض امور کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔ دورے کے دوران سی او ہیلتھ ڈاکٹر احمد خان اور ایم ایس ڈاکٹر شوکت احمد نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں طبی و انتظامی امور، مریضوں کی تعداد، ادویات کی دستیابی اور دیگر سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کے بڑھتے ہوئے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے اور محرم میں کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید عملہ تعینات اور بیڈز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ مریضوں کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے تمام وارڈز میں ایئرکنڈیشنرز چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے آرام اور صحت کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔




