عزاداروں کیلئے فول پروف سکیورٹی اور بہترین سہولیات کو یقینی بنایا جارہا ہے

جڑانوالہ(نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں عزاداروں کیلئے فول پروف سکیورٹی اور بہترین سہولیات کو یقینی بنایا جا رہا ہے،محرم الحرام کے تقدس کے پیش نظر اتحاد و یکجہتی انتہائی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی انویسٹیگیشن فیصل آباد احمد نواز شاہ نے جڑانوالہ آمد پر محرم الحرام انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کی ایس ایس پی انویسٹیگیشن احمد شاہ نواز نے کہا کہ محرم الحرام کے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات مزید موثر اور فول پروف کئے جا رہے ہیں،جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس پر کیمروں کی تنصیب،روشنی اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائیں۔بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے جنریٹرز کی دستیابی سمیت محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر سبیلوں اور کیمپس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی مزیدموثر بنانے کے لئے پولیس کے جوان داخلی راستوں پر فرائض سرانجام دیں گے۔تحصیل انتظامیہ اور عزاداروں کی انتظامیہ ایک ٹیم کی حیثیت سے محرم انتظامات کو کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتظامات میں کسی بھی کمی یا مسئلے کی فوری نشاندہی کی جائے تاکہ بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام صبر، برداشت اور رواداری کا درس دیتا ہے،تمام مکاتب فکر احترام اور تحمل کا مظاہرہ کریں،سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مواد سے اجتناب کیا جائے،امن و بھائی چارے کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کا قیام اور محرم کے بہترین انتظامات مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں