ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ٹوبہ ٹیک سنگھ میں عوامی سہولیات کی بہتری، جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر اور شہریوں کو معیاری تفریحی و سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے شہر کے معروف ٹیکو پارک اور ایم 4سے ایم 3انٹرچینج تک زیر تعمیر ڈبل روڈ منصوبے کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ٹیکو پارک کے دورے کے دوران انہیں اپ گریڈیشن منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ۔ منصوبے کے تحت تاریخی یادگاروں کی بحالی و تزئین و آرائش، جدید واکنگ ٹریک، مصنوعی جھیل، بچوں کے جھولوں، بینچز، گزیبوز، راہداریو ں پر ٹف ٹائلز اور بانڈری وال کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام کام اعلی معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔




