اسلام آباد پولیس کا مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن

اسلام آباد (بیوروچیف) اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گرینڈ کومبنگ اور سرچ آپریشنز کیے، جن کے دوران سینکڑوں افراد، گھروں، دکانوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایات پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے گئے۔آپریشنز کے دوران 466افراد، 247 گھرانوں، 35ہوٹلوں، 52 دکانوں، 221موٹر سائیکلوں اور 102گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ پولیس نے مزید جانچ پڑتال کیلئے 11مشکوک افراد اور 23موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانوں منتقل کیا۔ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا کہ سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنا اور شہر بھر میں سکیورٹی کو مزید مضبو ط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہو ں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے یا پکار 15پر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں