فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مرکزی صدر کلاتھ بورڈ اتحاد گروپ پاکستان الحاج نصیر یوسف وہرہ نے سندس فاوّنڈیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کاشف پرویز،تھیلیسیمیا کے مریض بچوں اور ان کی ٹیم نے نصیر یوسف وہرہ کا استقبال پھولوں کے گلدستے سے کیا۔کلاتھ بورڈ پاکستان کے صدر نے مریضوں میں گفٹ تقسیم کئے اور ان کی بیماری سے شفاء کے لئے دعا بھی کی۔اس موقع پر مریضوں اورمیڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ تھیلیسیمیا زندگی کا اختتام نہیں، بلکہ ایک مختلف طرزِ زندگی ہے۔ آپ کا حوصلہ اور پختہ ارادہ ہی آپ کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ہر نیا دن امید کی ایک نئی کرن لے کر آتا ہے۔ خود کو کمزور نہ سمجھیں، آپ بھی معاشرے میں ایک بہترین اور فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔باقاعدگی سے بلڈ ٹرانسفیوژن (خون کی منتقلی) اور ادویات کے استعمال سے آپ صحت مند اور بھرپور زندگی گزار سکتے ہیں۔انہوں نے مخیر تاجروں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیے تھیلیسیمیا کے مریضوں کا ساتھ دیں، ان سے ہمدردی کریں اور معاشرے میں آگاہی پھیلائیں۔ تاکہ اس بیماری کی روک تھام ممکن ہو سکے۔




