واقعہ کربلا صبر،ایثار اور دین اسلام کیلئے قربانیوں کی لازوال مثال ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ہاشمی برادرز کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ مجلس عزاء کا اہتمام کیا گیا’ مجلس عزاء میں سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ’ انجم کربلائی ذاکراہلبیت ‘ بابر علی ہاشمی’ صفدر علی ہاشمی’ یاسر علی ہاشمی’ صداقت حسین ہاشمی’ رفاقت حسین ہاشمی’ چوہدری رمضان بائو جٹ’ چوہدری وقاص گجر’ عبدالرحمن’ ریمبو کے علاوہ سینکڑوں عزاء داروں نے شرکت کی’ مجلس عزاء کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے اسلام کے تحفظ کے لئے سب کچھ راہ خدا میں قربان کردیا’انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار رضی اللہ عنھم کا کردار کل انسانیت کے لئے بہترین دستور حیات کی حیثیت رکھتا ہے’ ہر مسلمان اپنے اوپر اسلام کے سنہری قوانین نافذ کرکے شہدائے کربلا کی قربانیوں کو عملی خراج عقیدت پیش کر سکتا ہے’ حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت معاشرے کے ہر فرد کے لیے عملی نمونہ ہے’ اسلام اور پاکستان کے تحفظ کیلئے ہمیں حسینی کردار کو رول ماڈل بنانا ہوگا۔ کربلا کے جانثاروں کی لازوال قربانیاں حکمرانوں سے لے کر عام آدمی تک کے لیے مشعل راہ ہیں۔ کربلا کی زمین پر حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنا خون گرا کر حق وباطل کے درمیان قیامت تک کے لیے لکیرکھینچ دی’ حسینیت کا اصل فلسفہ نیکی کی تبلیغ کرنا اور برائی سے روکنے کے لیے یزیدیت کے سامنے ڈٹ جانا ہے’ سیدنا حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت نے امت مسلمہ کے ایمان کو تاقیامت تازگی بخش دی’ مجلس عزاء کے منتظمین بابر علی ہاشمی’ صفدر علی ہاشمی’ یاسر علی ہاشمی’ صداقت حسین ہاشمی’ رفاقت حسین ہاشمی نے سیدنا حضرت امام حسین علیہ السلام کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سیدنا حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اپنے نانا کا دین بچا لیا’اس موقع پر انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات ڈیوٹیاں کر کے ہمیں بہترین تحفظ فراہم کیا’ اللہ تعالیٰ انہیں ان کی بہترین ڈیوٹی سرانجام دینے کا اجر دے اور انہیں اسی طرح محنت اور فرض شناسی سے اپنا کام کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں