16شکستوں پرہاکی ٹیم کے کپتان کی قوم سے معذرت

لاہور (سپورٹس نیوز) ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کا بدترین اور مایوس کن سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا، پاکستانی ٹیم کو اپنے آخری میچ میں بھی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔اس حوالے سے کپتان پاکستان ہاکی ٹیم عماد شکیل بٹ نے سوشل میڈیا پر طویل پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پرو لیگ کا یہ مرحلہ اختتام کو پہنچا، نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے جس پر میں پوری قوم سے معذرت خواہ ہوں، سپورٹ کرنے پر سب کا شکریہ، خاص طور پر ان لوگوں کا جو آج بھی ہمارا ساتھ دے رہے ہیں اور ہماری کوشش کو سمجھتے ہیں۔عماد بٹ کا کہنا ہے کہ ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے شکست کا بوجھ دل پر لے کر سونا آسان نہیں ہوتا، ایسا نہیں کہ ہم نے کوشش نہیں کی، ہم نے پوری صلاحیت کے مطابق بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، دستیاب وسائل کے مطابق وہ سب کچھ کیا جو ہم کر سکتے تھے، کہا جاتا ہے کہ چیمپئن پیدا نہیں ہوتے بلکہ بنائے جاتے ہیں۔کپتان قومی ہاکی ٹیم کا مزید کہنا تھا کہ اگرہم نے دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کرنا ہے تو اپنی صلاحیتوں کو مزید بڑھانا ہوگا، اس کے لیے ہماری فیڈریشن اور ہماری حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اب وقت آ گیا ہے کہ صرف ردِعمل دینے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، سب سے زیادہ تنقید کا سامنا مجھے کرنا پڑا ہے لیکن میں رکنے والا نہیں ہوں۔انہوں نے کہا میں کھلاڑیوں کو سہولیات دلانے کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہوں گا، وہ سہولیات جن کی انہیں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے ضرورت ہے، آپ صرف ہمارے نتائج دیکھتے ہیں لیکن دنیا کی دیگر ٹیموں کے منظم، مکمل اور طویل المدتی تربیتی نظام کو نہیں دیکھتے، وہ اپنے کھلاڑی پہلے سے طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت تیار کرتے ہیں۔عماد بٹ کے مطابق ہم اکثر کسی بڑے ٹورنامنٹ سے عین پہلے تربیتی کیمپ کے اعلان کے منتظر ہوتے ہیں، میں شکایت نہیں کر رہا بلکہ پاکستان کے کھلاڑیوں کی بہتری اور کھیل کے فروغ کا مطالبہ کر رہا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں