تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے، ایف بی آر نے تفتان بارڈر ریلوے اسٹیشن کو درآمد و برآمد کے لیے لینڈ کسٹمز اسٹیشن قرار دیدیا ہے۔اس اقدام سے ریل کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سامان کی نقل و حمل آسان ہوگئی ہے اور اس طرح اخراجات کم اور قانونی تجارت میں اضافہ متوقع ہے ۔ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق تفتان اسٹیشن پر لوڈنگ، ان لوڈنگ، کسٹمز کلیئرنس اور درآمد و برآمد کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کو 5ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی اور قانونی تجارت کو فروغ ملے گا۔




