لاہور(بیوروچیف) ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے کے اضافے کی منظوری دی گئی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 84واں اجلاس منعقد ہوا، چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضی نے نئے مالی سال کے بجٹ کے خدوخال اور اعدادوشمار بارے بریفنگ بھی دی۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور تمام ڈائریکٹرز نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں نئے مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی علاوہ ازیں اجلاس میں پی ایس ایل 12کے بجٹ اور پی ایس ایل کو انتظامی و مالیاتی طور پر خودمختار بنانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے کے اضافے کی منظوری، بجٹ 3ارب روپے سے بڑھا کر 4ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ و ادائیگی کے طریقہ کار اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے میچ فیس میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس میں قائداعظم ٹرافی کے پلیئرز کے لیے میچ فیس میں خاطر خواہ اضافہ،کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے، وویمنزون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے اور 12 مزید گرانڈز کو آپریشنل کرنے اور ہیومن ریسورس کے لیے فنڈز مخصوص کرنے کی منظوری دی گئی۔منعقدہ اجلاس میں ریزرو پلئیرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے، ریجنل گرانڈ سٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کراچی اور دیگر انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔اجلاس میں بی او جی کے گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے جبکہ ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں بائیو میکینس مشین لگانے کے لئے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں بی او جی کے ممبران انوار غنی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد اور عدنان ملک نے اجلاس میں شرکت کی علاوہ ازیں ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔




