مبینہ پولیس مقابلے،آئس ڈیلر اور2ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مبینہ پولیس مقابلوں میں آئس ڈیلر اور 2ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا جبکہ فرار ہونیوالے ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد شہزاد یوسف نے چوکی انچارج اچکیرہ طیب بلال کے ہمراہ ناکہ بندی پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، تاہم فائرنگ کے تبادلہ کے بعد سرچ آپریشن کیا تو ایک ڈاکو زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام عمر حیات سکنہ قدرت آباد بتایا جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 19مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ تھانہ صدر کے ایس ایچ او سب انسپکٹر محمد علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا سلسلہ بند ہونے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا، جس نے اپنا نام ریاض سکنہ اوکاڑہ بتایا جو کہ ریکارڈیافتہ منشیات فروش اور پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ علاوہ ازیں تھانہ نشاط آباد کے ایس ایچ او سب انسپکٹر رانا ساجد محمود کیساتھ 47 ج ب منصوراں کے قریب مبینہ مقابلہ میں درجنوں وارداتوں میں مطلوب ریکارڈیافتہ ڈاکو عرفان سکنہ 3 ج ب ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر بری طرح زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ تاہم پولیس نے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں