اسلام آباد (عظیم صدیقی) رینجرز ہیڈ کوارٹرپر حملے کا بدلہ چند گھنٹوں میں لے لیا گیا۔ افغانستان کے 3 صوبوں پکتیا’ کنٹر’ خوست میں احرار کے دہشتگرد ٹھکانوں پر فضائی حملے اور رینجرز حملے کے سہولت کار زابل باجوڑی کے باجوڑ میں ٹھکانے پر زمینی کارروائی’ 29 دہشتگرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔ غیرقانونی افغانیوں کو ہر حال میں 10جولائی تک ڈی پورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ کراچی میں گزشتہ رات رسپوز کے ہیڈکوارٹر پر افغان دہشگردوں نے جو کارروائی کی تھی اس کا فوری اور مہلک بدلہ لے لیا گیا ہے۔ زندہ بچ جانے والے دہشتگرد عثمان نے جو انکشاف کئے ان کی روشنی میں باجوڑ KPK اور افغانستان کے تین صوبوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں رات دیر سے یہ کارروائیاں ہوئیں جس کی تصدیق اور اطلاع وزیراطلاعات تارڑ نے خود دی۔ باجوڑ میں 4 اور افغانستان میں 25 دہشتگرد مارے گئے۔ پکتیا میں جماعت الاحرار کے کمانڈر بھی مارے گئے، اسلحہ ڈپو تباہ کر دیئے گئے، مزید کارروائیاں بھی متوقع ہیں۔دریں ثنائ۔اسلام آباد(بیوروچیف) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایکس پر بیان میں کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔عطا تارڑ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کے اندر خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پاکستان رینجرز سندھ کیمپ کراچی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے متعدد دہشت گرد حملوں کے بعد، سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ساتھ ایک منظم، انٹیلی جنس پر مبنی زمینی آپریشن کیا۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں پر انتہائی درست اور محدود نوعیت کی کارروائیاں کی گئیں، ان کارروائیوں میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 29خوارج ہلاک کئے گئے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 28جون 2026کو سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ، خیبر پختونخوا میں پاکستان، افغانستان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گروہ کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ان کا کہنا ہے کہ انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اہم خوارجی کمانڈر خان فروش عرف زبال سمیت بھارتی پراکسی جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے 3دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن غضب للحق کے تسلسل میں مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر 28اور 29جون کی درمیانی شب پاکستان افغانستان سرحدی علاقے میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کیمپوں اور ٹھکانوں کو بھی انتہائی درست نشانہ بنایا گیا۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں واقع تین اہداف کو کامیابی سے تباہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں مزید 25دہشت گرد ہلاک ہوئے، ان مراکز اور ٹھکانوں میں موجود بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لئے کوششیں کی ہیں، تاہم اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کیونکہ یہ ہماری اولین ترجیح ہے۔




