اساتذہ قوم کے معمار،انکی عزت و تکریم ہر حال میں مقدم ہونی چاہیے

ٹھیکریوالہ(نامہ نگار) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی جانب سے ایک تقریب کے دوران اساتذہ کے حوالے سے مبینہ نامنا سب الفاظ کے استعمال پر معذرت کا مطالبہ زور پکڑنے لگا، جبکہ پرائیویٹ سکولز فورم نے بھی ان الفاظ کو واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔پرائیویٹ سکولز فورم کے چیئرمین رانا شاہد مقرب، چوہدری ندیم سندھو، محمد اسلم بٹ، زاہد رشید بسرا، شیخ غلام سرور، زاہد وقاص سندھو، حافظ محمودالحسن، محمد سیف، حافظ رضوان اور دیگر رہنمائوں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، لہذا ان کی عزت و تکریم ہر حال میں مقدم ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر محکمہ تعلیم کے ذمہ داران ہی اساتذہ کے وقار کا خیال نہیں رکھیں گے تو تعلیمی نظام میں مثبت نتائج کی توقع کرنا مشکل ہوگا۔فورم کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر تعلیم اپنے مبینہ نامناسب الفاظ واپس لیں اور اساتذہ سے معذرت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کو تدریسی فرائض کے علاوہ ڈینگی مہم، مردم شماری، الیکشن ڈیوٹی، داخلہ مہم، امتحانی سنٹرز، پیپر مارکنگ اور دیگر غیر تدریسی ذمہ داریوں میں مصروف رکھنے سے تعلیمی معیار متاثر ہوتا ہے، اس لیے ایسی اضافی ڈیوٹیوں کا خاتمہ کیا جانا چاہیے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت اساتذہ کے مسائل کے حل، ان کے وقار کے تحفظ اور سرکاری تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ صوبے میں تعلیم کا معیار مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں