اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی صارفین کو فوری طور پر اپنے واٹس ایپ نمبر کو فعال اور رجسٹرڈ سم سے منسلک کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ خبردار کیا ہے کہ غیر فعال، بلاک، ڈی ایکٹیویٹ یا غیر رجسٹرڈ سم سے منسلک واٹس ایپ اکائونٹس جلد ناقابلِ رسائی ہو سکتے ہیں۔پی ٹی اے کے مطابق واٹس ایپ اکائونٹ، رابطوں، پیغامات اور ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ واٹس ایپ نمبر ہمیشہ ایک فعال اور درست طور پر رجسٹرڈ سم سے منسلک ہو۔اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر تصدیق کریں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر ایک فعال اور قابلِ استعمال سم کے ساتھ منسلک ہے۔ اگر موجودہ سم غیر فعال ہو چکی ہے تو واٹس ایپ اکائونٹ کو فوری طور پر کسی فعال اور تصدیق شدہ سم پر منتقل کیا جائے۔




