ساہیوال( بیوروچیف) کمشنر ساہیوال ڈویژ ن ڈاکٹر آصف طفیل نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے دفتر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ غلام حسین بھٹی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر نوید عظمت بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران کمشنر نے ون ونڈو آپریشن سیل، فیسلیٹیشن کاؤنٹر، بینک برانچ، میٹر ک برانچ، انٹر برانچ اور دیگر مختلف سیکشنز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے بورڈ آنے والے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ون ونڈو آپریشن سیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ یہاں آنے والے ہر طالب علم کا مسئلہ ایک ہی وزٹ میں حل کیا جائے تاکہ انہیں غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




