ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں واسا کی جانب سے واٹر سپلائی اور سیوریج کی ماہانہ فیسوں میں کیے گئے غیر معمولی اضافے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بجلی، گیس، اشیائے خورونوش اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، ایسے میں پانی اور سیوریج کی فیسوں میں ریکارڈ اضافہ غریب اور متوسط طبقے پر ایک اور مالی بوجھ ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا کی جانب سے فیسوں میں اضافے سے قبل نہ تو عوام کو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی موثر عوامی مشاورت کی گئی۔ متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی غیر تسلی بخش جبکہ سیوریج کا نظام بھی مسائل کا شکار ہے، اس کے باوجود بھاری فیسوں کا نفاذ شہریوں کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔سماجی، کاروباری اور شہری حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ عوامی نمائندے، منتخب اراکین اسمبلی، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام اس اہم عوامی مسئلے پر خاموش کیوں ہیں؟ شہریوں کے مطابق اگر عوام کو بہتر سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں تو فیسوں میں اتنا بڑا اضافہ کسی صورت انصاف کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واسا کی جانب سے کیے گئے اضافے کا فوری ازسرِنو جائزہ لیا جائے، فیسوں میں کمی کی جائے اور اس سے قبل عوام کو معیاری پانی کی فراہمی، سیوریج کے نظام کی بہتری اور بنیادی شہری سہولیات یقینی بنائی جائیں۔




