جدید سہولیات کی فراہمی سے ویٹرنری طبی خدمات میں مزید بہتری آئیگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر روبینہ انجم نے سول ویٹرنری ہسپتال میں زیر تعمیر آپریشن تھیٹر اور ایکسرے سہولت کے منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے ساتھ اعلی معیار کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کو ضروری ہدایات جاری کیں۔معائنے کے دوران ڈاکٹر روبینہ انجم نے کہا کہ جدید تشخیصی اور جراحی سہولیات کی فراہمی سے ویٹرنری طبی خدمات کے معیار میں مزید بہتری آئے گی اور مویشی پال حضرات کو معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے متعلقہ عملے اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ دستیاب وسائل کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے، تمام تعمیراتی کام محکمانہ وضاحتوں اور منظور شدہ معیار کے مطابق مکمل کئے جائیں اور منصوبے کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد جدید ویٹرنری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں