فیض بٹالوی روڈ حسینہ چوک تک اکھاڑ کر ٹھیکیدار غائب،پیدل چلنا بھی دشوار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹھیکیدار سمندری روڈ سے پیپلزکالونی نمبر2 حسینیہ چوک تک فیض بٹالوی روڈ (اتحاد مل روڈ) اکھاڑ کر غائب ہو گیا’ شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا’ نوکیلے پتھروں سے گاڑیوں کے ٹائر پنکچر اور گاڑیاں تباہ ہونے لگی’ جگہ جگہ ملبے کے ڈھیر اور سیوریج کے گندے پانی سے گزرنا بھی محال ہو گیا’ اہل علاقہ کا کمشنر محترمہ مسرت جبیں’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فیض بٹالوی روڈ (اتحاد مل روڈ) کی فوری تعمیر کروائی جائے۔ تفصیل کے مطابق دو ماہ قبل ضلعی انتظامیہ نے سمندری روڈ سے پیپلزکالونی نمبر2 حسینیہ چوک تک سڑک کی تعمیر کی نوید سنائی گئی۔ تاہم ٹھیکیدار نے مذکورہ روڈ پر ہموار کرنے کی آڑ میں کولڈ ملنگ کرتے ہوئے سڑک سے پتھر ملبہ وغیرہ اکھاڑ کر سڑک کنارے پھینک کر غائب ہو گیا اور دوبارہ ادھر کا رخ تک نہیں کیا۔ فیض بٹالوی روڈ پر ملبے کے ڈھیر لگنے سے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ ٹریفک کا گزرنا محال ہو چکا، جسکی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہے اور سڑک پر پڑے نوکیلے پتھروں کی وجہ سے آئے روز موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے نہ صرف ٹائر پنکچر ہو رہے ہیں بلکہ گاڑیاں بھی بری طرح تباہ ہو رہی ہیں اور لڑائی جھگڑے بھی روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں اور گٹروں سے نکلنے والے سیوریج کے گندے پانی کی وجہ سے شہریوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے۔ مقبول روڈ’ عثمانیہ پارک گلی نمبر1 کے گٹروں سے نکلنے والے گندے پانی نے اہل علاقہ کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ فیض بٹالوی روڈ کے دونوں اطراف بڑے ملبہ کے ڈھیروں سے آمدورفت میں بھی شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ اہل علاقہ نے ارباب اختیار سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ملبہ نہ اٹھانے اور سڑک کی تعمیر میں تاخیر کرنے والے نااہل ٹھیکیدار کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور فیض بٹالوی روڈ (اتحاد مل روڈ) کو فی الفور تعمیر کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں