مون سون کا طوفانی سپیل’ہلاکتیں 9ہو گئیں

اسلام آباد (بیوروچیف) ملک میں مون سون کے طوفانی سپیل کے دوران مختلف حادثات میں9افراد جاں بحق ہو گئے ۔ خیبرپختو نخوا، بلوچستان اور پنجاب میں بارش، آندھی اور فلیش فلڈ نے تباہی مچا دی، خیبرپختونخوا میں خاتون اور2بچے جاں بحق ہوگئے۔اٹک میں طوفانی بارش کے دوران مکان اور دیوار گرنے سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، بلوچستان کے علاقے ژوب میں مکانات گرنے سے خاتون اور بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق، 10 زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے خیبرپختونخواکے مطابق صوبہ میں ہونے والی تیز بارشوں، آندھی اور فلش فلڈ کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 6 افراد جانبحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے ہیں،مجموعی طور پر جاں بحق افراد میں 2 مرد، 3 بچے اور ایک خاتون جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں،تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 38 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 36 گھروں کو جزوی جبکہ 2 گھر مکمل منہدم ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع خیبر، دیر لوئر، مردان، شانگلہ، باجوڑ اور چترال لوئر، دیر اپر میں پیش آئے۔دوسری طرف لاہور اور اسلام آباد میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے، آج بھی بادل برسیں گے،کراچی والے بھی آج رم جھم کے منتظر ہیں۔ گلگت بلتستان ،کشمیر اور خیبر پختونخوامیں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،آئندہ 2سے 3روز تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔دریائے سوات میں جھیل سیف اللہ کے مقام پر سیاحوں سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں بھی 8ا فراد ڈوب گئے تھے جن میں سے6 لاشیں نکال لی گئیں جبکہ17سال کی لڑکی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے ،ضلعی انتظامیہ کے مطابق جھیل سیف اللہ کے مقام پر کشتی الٹنے کے واقعے کے بعد فوری ریسکیو کارروائیاں شروع کردی گئی تھیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں