پشاور (بیورو چیف)خیبر پختونخوا کے محکمہ داخلہ نے ضلع دیر میں مطلوب15دہشتگردوں کی نئی فہرست جاری کرتے ہوئے ان کی گرفتاری میں مددگار معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔اعلامئے کے مطابق مطلوب دہشت گرد خورشید کے سر کی قیمت سب سے زیادہ ایک کروڑ 20لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ شیر امین عرف کاکا کی گرفتاری میں معاونت کرنے والے کے لیے ایک کروڑ روپے انعام رکھا گیا ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق قاری احسان اور شیر عالم کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 60،60 لاکھ روپے انعام دیا جائیگا، جبکہ سپین شاہ، اعجاز اور دیگر مطلوب افراد کے لیے 50،50 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح کفایت، حضرت حسین اور شریف اللہ کی گرفتاری میں مددگار اطلاع دینے والوں کے لیے 40،40 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مطلوب افراد سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔




