جڑانوالہ (نامہ نگار)محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشور کے موقع پر تحصیل جڑانوالہ میں امن و امان کے قیام،بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور زائرین و عزاداروں کے لیے فول پروف سکیورٹی کے مثالی و غیر متزلزل انتظامات کو یقینی بنانے پر ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے ایس پی ٹائون جڑانوالہ اختر علی وینس کی بے مثل پیشہ ورانہ خدمات اور حسنِ کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خصوصی تعریفی سند (Letter of Appreciation)سے نوازا ہے۔تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کا معرکہِ امن سر کرنے اور اس حساس ترین مذہبی تہوار کو امن و آشتی کے ساتھ پایہِ تکمیل تک پہنچانے میں ایس پی ٹائون جڑانوالہ اختر علی وینس کی قیادت میں مقامی پولیس اور انتظامیہ نے دن رات ایک کر کے ایک جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان مرتب کیا تھا۔ اس پلان کے تحت جڑانوالہ کی حدود میں آنے والے تمام حساس امام بارگاہوں، مجالس اور ماتمی جلوسوں کی نگرانی کے لیے جدید ترین تکنیکی وسائل اور مانیٹرنگ کے مربوط نظام کو بروئے کار لایا گیا، جبکہ تمام ذیلی اداروں، امن کمیٹیوں اور اسٹیک ہولڈرز کو ایک لڑی میں پرو کر باہمی اشتراکِ عمل کی ایک عمدہ مثال قائم کی گئی۔




