لاہور (بیوروچیف) مریم نواز کی زیر صدار ت محکمہ زراعت کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کسان کارڈ، زرعی میکنائزیشن اور کسانوں کی فلاح سے متعلق مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں ابتک 9لاکھ کسان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ کسانوں کو 360ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق وزیراعلی کسان کارڈ کے تحت جاری کیے گئے قرضوں کی ریکوری کی شرح 99فیصد رہی، جبکہ قرضوں کا 80فیصد حصہ کسانوں نے کھادوں کی خریداری پر خرچ کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں تین مراحل کے دوران 34 ہزار گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تین سال کے دوران 50ہزار ٹریکٹرز کسانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹروں کی تقسیم کے پورے عمل کو انسانی مداخلت سے پاک کرتے ہوئے مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ حکومت نئے فیلڈ سروے کے ذریعے 12ہزار 650ٹریکٹروں کی جسمانی تصدیق بھی مکمل کر چکی ہے۔زرعی ترقی کے حوالے سے اجلاس میں بتایا گیا کہ3ہزار ایگری گریجویٹس کو انٹرن شپ پروگرام میں شامل کیا گیا۔




