ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) نجی سکولوں میں سمر کیمپ پر مکمل پابندی، خلاف ورزی کرنے والے سکول سیل کرنے کا حکم، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد رائو عبدالکریم نے ضلع بھر کے نجی تعلیمی اداروں کے مالکان اور پرنسپلز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے سمر تعطیلات کے دوران تمام تعلیمی اور نصابی سرگرمیاں فوری طور پر بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات 22مئی 2026سے 23اگست 2026تک نافذ ہیں۔ تاہم لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے اور طلبہ کی جانوں کے ضیاع کے پیش نظر نجی سکولوں کے لیے نئی حفاظتی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق:سمر تعطیلات کے دوران صبح یا شام کسی بھی وقت سکول میں نصابی یا ہم نصابی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔کسی بھی نجی سکول کو سمر کیمپ منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔سکول انتظامیہ صرف ماہانہ بنیاد پر فیس وصول کرے گی، سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد رائو عبدالکریم نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے نجی سکولوں کو سیل کیا جائے گا اور ان کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




