ٹوبہ میں کم عمر بچوں میں موٹر سائیکل چلانے کا رحجان بڑھ گیا،حادثات معمول

ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار)ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گردونواح میں کم عمر بچوں کی جانب سے موٹر سائیکل اور سکوٹی چلانے کا بڑھتا ہوا رجحان سنگین خطرے کی شکل اختیار کر گیا ہے ۔والدین کی معمولی لاپرواہی بعض اوقات ایسے المناک حادثات کو جنم دے رہی ہے جن کے زخم ساری زندگی نہیں بھرتے چند روز قبل چک نمبر 347 گ ب کھیکھا روڈ پر پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں ایک نابالغ بچہ جان کی بازی ہار گیا ذرائع کے مطابق بچہ سکوٹی چلا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں اس کی قیمتی جان ضائع ہو گئی اس واقعے نے ایک بار پھر یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ آخر کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل اور سکوٹی چلانے کی اجازت کیوں دی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ بڑی تعداد میں نابالغ بچے بغیر لائسنس ہیلمٹ اور ٹریفک قوانین سے ناواقف ہو کر سڑکوں پر نکل آتے ہیں جس سے نہ صرف ان کی اپنی جان بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ جاتی ہیں متعدد حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے باوجود اس رجحان میں کمی دیکھنے میں نہیں آ رہی عوامی و سماجی حلقوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی ضد یا خواہش کے سامنے اپنی ذمہ داری کو فراموش نہ کریں چند لمحوں کی خوشی یا سہولت پوری زندگی کے دکھ اور پچھتاوے میں تبدیل ہو سکتی ہے ۔والدین اپنے بچوں کو اس عمر میں گاڑی یا موٹر سائیکل نہ دیں جب وہ اس ذمہ داری کو نبھانے کے قابل نہ ہوں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں