جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ وارانہ تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے

ساہیوال ( بیورو چیف) پنجاب پریزنز اسٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے عہدے پر ترقی کے لیے منعقدہ کیریئر پروگریشن کورس(CPC-II) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل تھے۔ اس موقع پر کمانڈنٹ پنجاب پریزنز اسٹاف ٹر یننگ کالج ساہیوال ملک شوکت فیروز اعوان سمیت محکمہ جیل خانہ جات کے سینئر افسران اور تربیت مکمل کرنیوالے افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر کمانڈنٹ ملک شوکت فیروز نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا اور کیریئر پروگریشن کورس کے اغراض و مقاصد، تربیتی نصاب، پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے اور کورس کے مختلف مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور پریڈ میں شریک افسران کے بہترین نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور شاندار کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ تربیت یافتہ افسران نہ صرف ادارے کی کارکردگی میں بہتری لاتے ہیں بلکہ اصلاحی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور مضبوط بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط، دیانت داری، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کے جذبے کیساتھ فرائض کی انجام دہی ہر سرکاری افسر کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں