پابندی برقرار،ہزاروں صارفین نئے گیس کنکشن کے منتظر

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت کی جانب سے نئے گھریلو سوئی گیس کنکشنز پر عائد پابندی تاحال برقرار ہے، جس کے باعث ہزارو ں صارفین گیس میٹروں کی تنصیب کے منتظر ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگی صورتحال کے دوران ایل این جی کی درآمد متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر نئے گھریلو گیس کنکشنز پر پابندی عائد کی تھی۔اگرچہ خطے میں کشیدگی میں کمی آ چکی ہے، تاہم نئے گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ابھی تک ختم نہیں کی گئی، جس کے باعث سوئی ناردرن گیس کمپنی نئے میٹرز کی تنصیب نہیں کر پا رہی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی میں ہزاروں صارفین پہلے ہی ڈیمانڈ نوٹس جمع کروا چکے ہیں۔ قواعد کے مطابق ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کے بعد کمپنی کو صارفین کے گیس میٹر نصب کرنا ہوتے ہیں، لیکن حکومتی پابندی کے باعث یہ عمل رکا ہوا ہے۔متاثرہ صارفین نے ایل این جی بنیاد پر گیس کنکشن کے لیے 42 ہزار روپے کے ڈیمانڈ نوٹس بھی جمع کروا رکھے ہیں، تاہم پابندی برقرار رہنے کے باعث انہیں تاحال کنکشن فراہم نہیں کیے جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں