لاہور (بیوروچیف) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ گرین الیکٹرو بسز نے صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے اور عوام کی جانب سے ان کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔اپنے بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ مختلف شہروں کے شہری حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کے علاقو ں میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی منصوبہ بندی کے تحت صوبے کی 147تحصیلوں میں جلد الیکٹرک بسیں چلتی نظر آئیں گی۔وزیر اطلاعات کے مطابق اس وقت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 1100الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، جن سے شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ کارکردگی، گڈ گورننس اور میرٹ کے حوالے سے پنجاب کا کسی دوسرے صوبے سے کوئی موازنہ نہیں، اور حکومت عوام کو معیاری سہولیا ت کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔




