امام حسین علیہ السلام کی قربانی رہتی دنیا تک مشعل راہ رہے گی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ”فکرِ امام حسین سیمینار” پریس کلب فیصل آباد میں منعقد ہوا۔ سیمینار سے پاکستان سنی تحریک علما بورڈ کے مرکزی کنوینیئر علامہ طارق شہزاد مدنی، صوبائی صدر سینٹرل پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔علامہ طارق شہزاد مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ باطل کے مقابلے میں حق پر ثابت قدم رہنا ہی حسینیت کا حقیقی پیغام ہے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک حق، انصاف اور انسانی وقار کا علم بلند رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا فکرِ حسینی کا بنیادی تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ، فلسطین، لبنان اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم پوری انسانیت کیلئے لمح فکریہ ہیں۔ عالمی امن کے قیام کیلئے ضروری ہے کہ دنیا بھر کے انصاف پسند لوگ مظلوم اقوام کیساتھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے عالمی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ، او آئی سی، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگوں، انسانی بحرانوں اور مظلوم انسانیت کے تحفظ کے لیے مثر کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ موجودہ عالمی حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ طاقت کے بجائے مذاکرات، انصاف اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے۔سردار محمد طاہر ڈاگر نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اہل سنت کا کردار ہمیشہ مثبت اور موثر رہا ہے۔ علم و شعور کے فروغ کے ذریعے جہالت، انتہاپسندی اور نفرت کے رجحانات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں مذہبی، سیاسی، لسانی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے مزید مثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں