ساہیوال (بیورو چیف) کربلا روڈ سے داؤد چوک تک واسا ساہیوال کی غفلت کا ایک اور بولتا ثبوت، زیرِ تعمیر نالہ شہریوں کے لیے موت کا گڑھا بن گیاساہیوال میں کربلا روڈ سے داؤد چوک تک واسا کے زیرِ تعمیر نالے کا منصوبہ گزشتہ دو ماہ سے شہریوں کے لیے شدید خطرے کا باعث بنا ہوا ہے۔ تقریباً دس فٹ گہرا کھلا گڑھا حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث رہائشیوں کے لیے”موت کا گڑھا”بن چکا ہے۔یہ علاقہ گنجان آباد ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد، خواتین، بزرگ اور بچے آمدورفت کرتے ہیں، مگر نہ واسا ساہیوال اور نہ ہی ٹھیکیدار نے محفوظ گزرگاہ، حفاظتی بیریئرز یا انتباہی بورڈ نصب کیے ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران متعدد افراد اس گہرے گڑھے میں گر کر زخمی ہو چکے ہیں۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار متعلقہ حکام کو درخواستیں دیں، مگر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ الٹا واسا کے بعض اہلکاروں اور ٹھیکیدار کے عملے کی جانب سے شہریوں کے ساتھ بدتمیزی کی جاتی ہے۔ تقریباً دس گلیوں کے مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں اور روزانہ جان ہتھیلی پر رکھ کر اس راستے سے گزرنے پر مجبور ہیں۔آج بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب نوجوان احمر انور، جو اپنے گھر کا واحد کفیل اور یتیم ہے اور اپنی والدہ اور چھوٹے بہن بھائیوں کی کفالت کرتا ہے، اس خطرناک گڑھے میں گر کر شدید زخمی ہوگیا۔




