من پسند پبلشرز کی رجسٹریشن پر کارروائی کا آغاز

لاہور (بیوروچیف) پنجاب ایجوکیشن کریکولم ، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا)کی جانب سے مبینہ طور پر من پسند پبلشرز کی فرموں کو قواعد کے برعکس رجسٹریشن جاری کرنے کے معاملے پر صوبائی محتسب نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔نجی پبلشر حافظ اطہر نے ڈپٹی ڈائریکٹر فیلڈ اینڈ مانیٹرنگ پیکٹا اختر بٹ کے خلاف صوبائی محتسب کو درخواست دائر کی، جسے قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے باقاعدہ سماعت شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی محتسب نے ڈپٹی ڈائریکٹر فیلڈ اینڈ مانیٹرنگ پیکٹا کو 15 جولائی کو متعلقہ ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے۔ درخواست گزار حافظ اطہر کا مقف ہے کہ انہوں نے اپنی فرم کی رجسٹریشن کے لیے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ (PCTB)کو درخوا ست جمع کرائی تھی، تاہم مبینہ طور پر دو دیگر فرموں کو رجسٹریشن دے کر گیارہویں جماعت کی درسی کتب کی ایلوکیشن میں لاکھوں روپے مالیت کا کام بھی دے دیا گیا۔دوسری جانب پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ پبلشرز کی رجسٹریشن کے لیے قواعد و ضوابط کی منظوری کے بعد ہی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ادھر ڈپٹی ڈائریکٹر فیلڈ اینڈ مانیٹرنگ پیکٹا اختر بٹ نے اس معاملے پر خبر کی نہ تو تصدیق کی اور نہ ہی تردید کرتے ہوئے کوئی موقف اختیار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں