لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے سپیشل ایجوکیشن سیکٹر کی استعداد کار بڑھانے اور خصوصی بچوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اہم اقدامات کرتے ہوئے محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں آئی ٹی ونگ، اسٹریٹجک پلاننگ یونٹ اور مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن (M&E) یونٹس قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس مقصد کیلئے محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں 41نئی آسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ نئی بھرتیوں کے لیے لمپ سم پے پیکیج کو بھی سلیکشن بورڈ نے توثیق کر دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی آسامیوں کے قیام کا عمل محکمہ خزانہ کی حتمی منظوری کے بعد مکمل ہوگا۔منصوبے کے تحت آئی ٹی ونگ کے لیے 13، اسٹریٹجک پلاننگ یونٹ کیلئے8اور مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن یونٹ کے لیے 20 نئی آسامیاں تخلیق کی جائیں گی، تاکہ محکمہ کی انتظامی اور تکنیکی صلاحیت کو مزید مثر بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کے 304 سپیشل ایجوکیشن اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تقریبا 41ہزار خصوصی بچوں کو بہتر تعلیمی و معا و نتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔




