اسلام آباد(بیورو چیف)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی)نے 10 جولائی تک کیلئے دریائوں میں پانی کے بہائو کی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔ صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کیلئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے راہنمائی حاصل کریں۔ پیر کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق این ا ی او سی تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی تشخیص اورمتعلقہ اداروں تک بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔ موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کے جاری پیشگی موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے،دوسرے مون سون سپیل اور مغربی ہوائوں کے سلسلے کے باعث 10جولائی تک شمالی اور شمال مشرقی علاقو ں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔




