قانونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ججز کی خصوصی تربیت ناگزیر

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی، تجارتی رجحانات اور معاشرتی ضروریات کے پیش نظر ججز کی خصوصی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ جدید قانونی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹ سکیں۔ وفاقی وزیر نے یہ بات وزارتِ قانون و انصاف میں ریسرچ سوسائٹی آف انٹرنیشنل لا اور سندھ جوڈیشل اکیڈمی کے کراس پروونشل جوڈیشل فیلوشپ پروگرام میں شریک ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ انصاف کا نظام بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ ٹیکنالوجی، کمرشل قوانین اور متبادل تنازعاتی حل جیسے شعبوں میں مہارت مستقبل کی عدلیہ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے عدالتی استعداد کار میں اضافے اور قانونی اصلاحات کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر قانون نے بتایا کہ انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر (IMAC)کے تحت اب تک تقریبا 1,400 ججز، وکلا، سرکاری افسران، ماہرین تعلیم اور دیگر پیشہ ور افراد تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں