مریم نواز ہسپتال ماموں کانجن کو فنڈز بروقت نہ ملنے پر انتظامیہ کو مشکلات

ماموں کانجن (نامہ نگار ) ماموں کانجن کے نواحی علاقہ 509گ ب میں قائم مریم نواز ہسپتال میں بروقت فنڈز نہ ملنے اور انتظامی مشکلا ت کے باعث مفت ادویات، مفت آپریشن اور دیگر طبی سہولیات کے ختم ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ہسپتال میں سی ٹی جی، ایکسرے اور جراثیم کش مشینیں عرصہ دراز سے خراب پڑی ہیں۔ جلد کی بیماریوں کیلئے استعمال ہونیوالی پرانی سکن مشین بھی ناکارہ ہو چکی ہے۔ اسکے علاوہ ہسپتال کے لیے منظور شدہ سولر سسٹم کی سہولت بھی تاحال مکمل نہیں۔ جس سے لوڈشیڈنگ کے دوران مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ہسپتال انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ افسر شاہی نے 60لاکھ روپے کا فنڈ بند اکائونٹ میں ڈال دیا ہے جسے نکالنے میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4ماہ سے فنڈز بھی وقت پر جاری نہیں ہو رہے جس کی وجہ سے عملے کی تنخواہوں کا مسئلہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ترجمان کے مطابق فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے انتظامیہ کو مجبورا عوام کو طبی سہولیات اپنے خرچے پر فراہم کرنا پڑ رہی ہیں جس کی وجہ سے شدید دشواری کا سامنا ہے ۔اہل علاقہ اور عوامی نمائندوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سیکرٹری صحت اور ضلعی انتظامیہ فیصل آباد سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تاکہ ہسپتال کو فنڈز جاری کر کے غریب عوام کے علاج معالجے کی مفت سہولیات کو بحال رکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں