اسلام آباد (بیوروچیف) ایشیائی ترقیاتی بینک نے جنوبی ایشیا کی معیشت سے متعلق نئی رپورٹ جاری کرتے ہوئے پاکستان کے لیے مہنگائی اور معاشی ترقی کے حوالے سے محتاط انداز ے پیش کیے ہیں۔ رپورٹ میں خطے کے مختلف ممالک کی متوقع معاشی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا ہے، جس میں پاکستان کی شرح نمو ہدف سے کم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران مہنگائی میں اضافے کا امکان ہے اور اوسط افراطِ زر ایک فیصد سے بڑھ کر 8.3 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ ملک کی معاشی شرح نمو بھی مقررہ 4فیصد ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ اے ڈی بی کے تخمینے کے مطابق جنوبی ایشیا کی مجموعی معاشی ترقی کی شرح 6فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ خطے میں بھارت 6.6فیصد شرح نمو کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے گا۔ بھوٹان دوسرے نمبر پر ہوگا، جبکہ سری لنکا کی معاشی ترقی 4 فیصد اور نیپال کی 3.9فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔




