فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آج صبح فیصل آباد اور گرد ونواح میں ہونے والی بارش سے جل تھل ہو گیا، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا’ فیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں کی بجلی بند ہو گئی، تاہم واسا کا فیلڈ سٹاف بارش کے دوران متحرک’ بڑی شاہراہوں اور چوراہوں سے بارشی پانی کی نکاسی کیلئے سرگرم۔ تفصیل کے مطابق آج صبح فیصل آباد میں شدید بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم بارشی پانی کے جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہونے سے لوگوں کا گلی محلوں میں گزرنا محال ہو گیا جبکہ فیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔ سب سے زیادہ بارش علامہ اقبال کالونی میں 55ملی میٹر ریکارڈ کی گئی’ ڈوگر بستی میں 48جبکہ جیل روڈ اور مدینہ ٹائون میں 45-45ملی میٹر ‘گلستان کالونی میں 44اور غلام محمد آباد میں 32ملی میٹر بارش ہوئی ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ واسا کا فیلڈ سٹاف شہر کی بڑی شاہراہوں اور چوراہوں سے بارشی پانی کے نکاس کے لیے متحرک رہتا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں کئی کئی روز تک بارشی پانی کو نکالا نہیں جاتا ہے۔ واسا کا فیلڈ سٹاف افسران کو خوش کرنے کیلئے بڑی شاہراہوں اور چوکوں سے بارشی پانی کے نکاس کے بعد روڈز کلیئر کی تصاویر افسران کو بھجوا کر چپ سادھ لیتا ہے۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بارش کے بعد نشیبی علاقوں کا وزٹ کریں تو ان کو صورتحال کا علم ہو اور نشیبی علاقوں سے بھی بارشی پانی کی نکاسی کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔




