وفاقی کابینہ میں نئے چہروں کی شمولیات کا امکان

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی کابینہ میں ردو بدل اور نوجوان و نئے چہروں کی شمولیت کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قریبی رفقا سے مشاورت مکمل کرلی جس کے بعد وفاقی کابینہ میں نئے چہروں اور نوجوان قیادت کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ نئے شامل ہونے والے ارکان کو وزیرِ مملکت کے عہدے دیے جانے کا امکان ہے، محنتی، متحرک اور نتائج دینے والے ارکان کو آگے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے بعض وفاقی وزارتوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، وزارت تجارت اور وزارت صنعت و پیداوار کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے پر وزیراعظم نے تشویش کا اظہار کیا جبکہ چاول، آلو اور پھلوں کی برآمدات میں مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لیے بعض وزارتوں میں اصلاحات لانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔وزارت آبی وسائل کی کارکردگی سے بھی وزیراعظم غیرمطمئن ہیں، کمزور کارکردگی والی وزارتوں کی خامیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کا فیصلہ کیا گیاہے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرنے اور جوابدہی یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں