ساہیوال میں غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کو فوری سیل کرنیکا فیصلہ

ساہیوال ( بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر /ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال کی ہدایات پر چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال میاں محمد خالد عالم اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سید کاظم حسین کی زیرِ سرپرستی ضلع بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن، حفاظتی انتظامات اور قانونی تقاضو ں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر کے تمام رجسٹرڈ و غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں، اکیڈمیوں اور ٹیوشن سنٹرز کا جامع سروے کیا جائے گا، جس کے لیے مرکز کی سطح پر اے ای اوز پر مشتمل سروے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ سروے کے دوران ہر ادارے کی تصاویر، جی پی ایس لوکیشن، رجسٹریشن کی حیثیت، عمارت کی حالت، الیکٹریکل وائرنگ ، فائر سیفٹی انتظامات اور دیگر حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائیگا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ سروے ٹیموں کے درمیان مؤثر رابطے کے لیے واٹس ایپ گروپس قائم کیے جائیں تاکہ تمام معلومات، تصاویر اور لوکیشن بروقت شیئر کی جا سکیں۔اجلاس میں پہلے سے نشاندہی کیے گئے 70 غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کو فوری طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں